کراچی(سی پی پی)کراچی کی سڑکوں پرڈیوٹی دینے والے خوبرو ٹریفک پولیس آفیسر وقار علی سنجوانی اپنے اسٹائل اور خوبصورتی سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ان کے چرچے ہونے لگے۔ ہوا کچھ یوں کہ ان کی گڈ لکس کی وجہ سے کسی شہری نے ان کی تصویر لے لی اور سوشل میڈیا پر اپلوڈکر دی۔
بس پھر کیا تھا ان کی یہ تصویر جو دیکھتا لائک اور شیئر کئے بغیر نہ رہ پاتا۔سوشل میڈیا پر وقار علی کے چرچے بڑھنے لگے تو ٹی وی چینل والے بھی ان تک رسائی حاصل کرنے لگے۔ ایک نجی چینل کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی نوکری پسند ہے لیکن وہ ماڈلنگ بھی کرنا چاہتے ہیں جس کی انہیں ٹریفک پولیس میں ہوتے ہوئے اجازت نہیں ۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وقار کے اسٹائل اور خوبصورتی کو دیکھتے ہوئے انہیں مشورے دئیے جا رہے ہیں کہ انہیں ماڈلنگ یا کسی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے چاہئیں ۔واضح رہے کہ وقار علی سنجوانی اس سے قبل 2018 میں بھی خبروں کی زینت بنے تھے لیکن تب وجہ ان کا خوبرو ہونا نہیں بلکہ رحم دلی تھی۔ وقار 2018 میں شاہراہِ فیصل پر انتظام ڈیوٹی کے دوران قابل ِ تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور بلی کی زندگی بچانے پر آئی جی پولیس سے ایک لاکھ روپے نقد انعام اور سی سی ونCC-Iتعریفی سند وصول کر چکے ہیں ۔سوشل میڈیا کے دور میں شہرت پانے کے لئے یا عوام کی توجہ پانے کے لئے آپ کو سپر اسٹار بننے یا غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل ہونا ضروری نہیں بلکہ لمحے بھر میں سوشل میڈیا کی ایک وائرل تصویر آپ کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے ایسا ہی پہلے ایک اسلام آبادسے تعلق رکھنے والے ارشد خان المعروف چائے والے کے ساتھ ہوا ۔