لاہور (آن لائن) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کے خلاف مقدمہ درج منی لانڈرنگ کیس کے مزید دو ملزمان آفتاب محمود اور شاہد رفیق نیب کے وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ مذکورہ دونوں ملزمان کے وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہوں کی تعداد تین ہو گئی ہے
جبکہ اس سے قبل مشتاق چینی بھی وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نیب نے وعدہ معاف گواہ بننے والے آفتاب محمود۔ شاہد رفیق کو دو روز قبل چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے ملوایا تھا جس پر چیئرمین نیب نے دونوں ملزمان کی وعدہ معاف گواہ بننے کی منظوری دی۔ نیب نے آفتاب محمود اور شاہد رفیق کے بطور وعدہ معاف گواہ کا 164 کا بیان مقامی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں قلم بند کروا دیا ہے۔دریں اثناء احتساب عدالت نے منی لانڈنگ کیس کی سماعت کرتے ہوئے مقدمہ کی آئندہ سماعت 21 اگست تک کے لئے ملتوی کر دی ہے جبکہ عدالت نے نیب پراسکیوٹر کی استدعا پر منی لانڈرنگ کیس کے ملزم اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف کا بارہ روزہ جسمانی ریمانڈ میں دے دیا ہے۔ نیب نے ہفتہ کے روز ہونے والی سماعت کے موقعہ پر حمزہ شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ عیدالاضحیٰ بڑی پھیکی رہے گی کیونکہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مہنگائی اس قدر شدید ہے کہ عوام کا جینا محال ہو کر رہ گیا ہے۔ مہنگائی کو اس دور میں غریب شہری کیسے عید منائیں گے۔ حکومت کو ماسوائے انتقامی کارروائیوں کے کوئی دوسری چیز سمجھ نہیں آ رہی۔