اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سابق صدر اور دو سابق وزرائے اعظم سمیت درجن بھر سیاست دان و سابق وزراء عید الاضحی کا تہوار جیل میں گزاریں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اگرچہ سابق وزرائے اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو ’نواب محمد احمد خان قتل کیس‘
جبکہ نواز شریف ’طیارہ سازش کیس‘ میں گرفتاری کے باعث عید کے تہوار جیل میں گزار چکے ہیں تاہم ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک ہی دور حکومت میں ایک سابق صدر اور دو سابق وزرائے اعظم سمیت درجن بھر سیاست دانوں و سابق وزراء نے عید کا تہوار جیل میں گزارا ہو۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ایک سابق صدر آصف زرداری اور دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے درجن بھر سیاست دان و سابق وزراء حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ،مفتاح اسماعیل، آغا سراج درانی اور خواجہ سلمان رفیق مختلف کیسوں میں گرفتاری کے بعد جیل میں ہیں۔سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے گھر کو سب جیل قرار دیا جاچکا ہے جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز بھی نیب کی حراست میں ہیں۔ تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان بھی پابند سلاسل ہیں لہٰذا ملک کے درجن بھر اہم ترین سیاستدان و سابق وزراء پہلی مرتبہ عید الاضحی کا تہوار جیل میں گزاریں گے جو کہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ریکارڈ ہوگا۔