لاہور (این این آئی)پنجاب حکومت نے نئی کفایت شعاری پالیسی جاری کردی،مالی سال20-2019میں صوبائی وزراء اورسرکاری افسران غیرملکی سرکاری دور ے قو می خزانے سے نہیں کرینگے،وزرا ء کے گھروں کی تزئین و آرائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی،کفایت شعاری کمیٹی کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا جس کے مطابق صوبائی وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کمیٹی کے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کفایت شعاری مہم کے تحت نئے مالی سال کی پالیسی جاری کردی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزراء اورسرکاری افسران غیرملکی سرکاری دورے قومی خزانے سے نہیں کرینگے جبکہ کوئی بھی دورہ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہوگا۔صوبائی وزراء اورسرکاری افسران کے بیرون ملک میڈیکل علاج پربھی پابندی ہوگی۔نئی پالیسی کے تحت نئی گاڑیوں کی خریداری پربھی پابندی عائدکردی گئی ہے۔پنجاب میں بجلی کی بچت کے لیے نئے ایئرکنڈیشنزکی خریداری پربھی پابندی ہو گی۔صوبائی وزراء کے گھروں کی تزئین وآرائش پرمکمل پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ پوسٹوں کی اپ گریڈیشن پربھی مکمل پابندی ہوگی۔سرکاری خزانے سے فائیو سٹارز ہوٹلز میں سیمینارزاورورکشاپ کا انعقاد نہیں کیا جا سکے گا،ترقیاتی منصوبوں کے اشتہارات پی سی ون سے ہی دیئے جائینگے،کفایت شعاری پالیسی کے تحت ضمنی گرانٹ پرمکمل پابندی لگادی گئی ہے۔علاوہ ازیں کفایت شعاری کمیٹی کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے اورصوبائی وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت کمیٹی کے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی وراء حافظ ممتازاحمد،سردارمحمدآصف نکئی،انصرمجیدخان،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری آئی اینڈ سی اورایس اینڈجی اے ڈی کمیٹی کے ممبران میں شامل ہیں جبکہ سیکرٹری خزانہ پنجاب کفایت شعاری کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔