جمعرات‬‮ ، 23 جنوری‬‮ 2025 

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ،روٹی کی پرانی قیمت ہی برقرار رہے گی،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی ہدایات

datetime 9  اگست‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اقدامات اور صفائی کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب بھر میں یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کیلئے خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا جبکہ 15اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا۔

اجلاس میں حالیہ بارشوں کے باعث انسداد ڈینگی کے لئے متعلقہ محکموں او رانتظامی افسران کو متحرک کرنے اور انسداد پولیو کیلئے بھی مربوط انداز میں موثر اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیاگیا۔اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیااورفیصلہ کیاگیا کہ روٹی کی پرانی قیمت ہی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانے اورنئے اراضی سینٹرز اورزمینوں سے متعلقہ معاملات کے جلد حل کے حوالے سے اقدامات پر غور کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے اور موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں پولیس اور سکیورٹی سے متعلقہ سول ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔دشمن مکار اور بزدل ہے لہذامتعلقہ اداروں کو ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ ہوائی فائرنگ کے واقعات کے سدباب کیلئے پولیس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کیلئے انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ عید پر میں چھٹیاں نہیں کروں گا بلکہ فیلڈ میں جاؤں گااور میں کسی بھی شہر جا کر صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہاکہ رواں برس انتظامات کو خوب سے خوب تر ہونا چاہیئے اور عوام کو ریلیف نظر آنا چاہیئے۔ بارشوں کے پیش نظر ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ مویشی منڈیوں میں بھی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اورمویشی منڈیوں کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آلائشوں کو بروقت مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ بڑے شہروں میں سپرے بھی کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران صفائی کے انتظامات کو خود مانیٹر کریں اورلاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو شہر صاف ستھرا رکھنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔ آپ سب کی ذمہ داری ہے کہ صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ صفائی سے متعلق شہریوں کی شکایت کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا حکومت کے متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے۔ شہریوں اور بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے پارکوں میں لگے جھولوں کی جانچ پڑتال مکمل کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور جہاں بھی کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہو وہاں فی الفور تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ مویشی منڈیوں کی خصوصی سکریننگ کرتے ہوئے جراثیم کش سپرے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے

اور محکمہ صحت اور لائیوسٹاک احتیاطی تدابیر اور وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کریں۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ صفائی کے انتظامات کی موثر مانیٹرنگ کیلئے صوبائی سطح پر کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ کیاگیااورکنٹرول روم عید کے ایام میں 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کیلئے خصوصی تقریبات:پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کیلئے خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیاہے جبکہ15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

یوم آزادی پر پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔ صوبہ بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارز منعقد ہوں گے اورپوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے متنازع فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا۔ مودی سرکار کے اس غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ اجلاس میں یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طو رپر منانے کیلئے تقریبات اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ انسداد ڈینگی وپولیو کے لئے اقدامات:صوبے میں حالیہ بارشوں کے باعث ڈینگی کے

سدباب کے لئے متعلقہ محکموں او رانتظامی افسران کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے جبکہ پنجاب میں انسداد پولیو کیلئے بھی مربوط انداز میں موثر اقدامات کئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے او رادارے ڈینگی اور پولیو کی روک تھام کے لئے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں اور وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے- ڈینگی اور پولیو کے سدباب کیلئے صوبہ بھر میں تمام ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انسداد ڈینگی و پولیو کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کروں گا-وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔ کوتاہی جہاں نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا-

کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی و پولیو کے لئے باقاعدہ اجلاس منعقد کر کے فوری عملی اقدامات کریں -ڈینگی کی روک تھام کیلئے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دی جائے۔ انتظامی افسران ڈینگی سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی موثر مانیٹرنگ جاری رکھیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں خامیاں ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اگست کے آخری ہفتے میں لاہو رمیں خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو کے وائرس کے خاتمے کیلئے محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکموں کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دینے ہیں۔ پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ٹیموں کے ذریعے بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں

اورانتظامی و پولیس افسران بھی اس ضمن میں محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور معاونت کریں اورفیلڈ میں موجود انسداد پولیو ٹیموں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں انسداد ڈینگی و پولیو کیلئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ روٹی کی پرانی قیمت ہی برقرار رہے گی:وزیراعلیٰ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روٹی کی پرانی قیمت ہی برقرار رہے گی اورروٹی کی قیمت نہیں بڑھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کمی کو جلد سے جلد دور کیا جائے اورمصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔پلانٹ فار پاکستان پروگرام:وزیراعلیٰ نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں پودے لگائے جائیں گے اورہر ضلع میں پودے لگانے کا ٹارگٹ رکھا جائے گا۔پنجاب حکومت نے رواں مون سون سیزن میں 20لاکھ پودے لگائے ہیں۔90لاکھ پودے لگانے کے ہدف حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کمشنرزاورڈپٹی کمشنرز پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک انداز میں کام کریں۔31دسمبرتک115نئے اراضی سینٹرز:وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اراضی سینٹرز کی تعداد بڑھائی جارہی ہے اور115نئے اراضی سینٹرز 31دسمبر تک کام شروع کردیں گے۔نئے اراضی

سینٹرز کے فنکشنل ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز اراضی سے متعلقہ معاملات کی خود مانیٹرنگ کریں اوراراضی سے متعلقہ ایشوز کو جلد نمٹایا جائے۔ایسے معاملات میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قبضہ مافیاسے 1لاکھ11ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے۔واگزار کرائی گئی اراضی کا بہترین مصرف یقینی بنایا جائے گا۔کمشنر زاورڈپٹی کمشنرز واگزار کرائی اراضی کے بہترین استعمال کے حوالے سے قابل عمل تجاویز پیش کریں۔انتظامی افسران اراضی سینٹرز کے دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لیں اورسیٹلمنٹ ایشوز کی جانب بھی بھر پور توجہ دی جائے۔ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،

کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ایم ڈیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی قیادت:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی -وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر صنعت بلوچستان نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے متنازعہ بھارتی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا- وزیر اعلی پنجاب اور بلوچستان کے وزیر صنعت نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بموں سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات

کی بھی شدید مذمت کی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورمودی سرکار کے غیر قانونی، غیر آئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں – انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور پنجاب حکومت بلوچستان کے عوام کیلئے دل کے امراض کے علاج کیلئے ہسپتال بنائے گی اور اس مقصد کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے ائیرپورٹ کو مزید وسیع کیا جائے گا اور ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ پر طیاروں کیلئے نائٹ لینڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے ڈیرہ غازی خان میں غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت ممکن ہوگی اور ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے

سے ڈیرہ غازی خان ہی نہیں بلکہ لورالائی اور گرد و نواح کے عوام بھی مستفید ہوں گے-انہو ں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور بلوچستان سے متصل علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے محرومیاں دور ہوں گی اور فورٹ منرو میں سٹیل برج کا منصوبہ مکمل ہونے سے مواصلاتی رابطے بہتر ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ غازی خان اور دیگر طبی مراکز کی اپ گریڈیشن سے بلوچستان کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے مواصلاتی رابطے بہتر کرنے کیلئے سڑکوں میں تعمیر و توسیع کی جائے گی اورسخی سرور روڈ اور تونسہ ہائی وے کی توسیع کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل نے بلوچستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے

بلوچستان کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی ہی فرصت میں بلوچستان آؤں گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لورا لائی کے طلبہ کو لاہور کے مطالعاتی دورے کی دعوت دی اور کہا کہ حکومت پنجاب بلوچ طلبہ کی میزبانی کرے گی۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ کی دوسری برسی پر پیغام: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹر رتھ فاؤ نے بلا رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کی اور ڈاکٹر رتھ فاؤنے اپنی زندگی دکھی انسانیت کے لئے وقف کررکھی تھی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان میں جذام اور ٹی بی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی شاندار خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی دن رات دیکھ بھال کرکے ڈاکٹر رتھ فاؤ نے اعلیٰ مثال قائم کی اورپاکستان سے جذام کے خاتمے کا کریڈٹ ان کی شبانہ روز محنت اور کاوشوں کو جاتا ہے۔ ڈاکٹر رتھ فاؤ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کیلئے قابل رشک مثال تھیں۔ ٹی بی اور جذام کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی بے مثال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

موضوعات:



کالم



اسی طرح


بھارت میں من موہن سنگھ کو حادثاتی وزیراعظم کہا…

ریکوڈک میں ایک دن

بلوچی زبان میں ریک ریتلی مٹی کو کہتے ہیں اور ڈک…

خود کو کبھی سیلف میڈنہ کہیں

’’اس کی وجہ تکبر ہے‘ ہر کام یاب انسان اپنی کام…

20 جنوری کے بعد

کل صاحب کے ساتھ طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی‘ صاحب…

افغانستان کے حالات

آپ اگر ہزار سال پیچھے چلے جائیں تو سنٹرل ایشیا…

پہلے درویش کا قصہ

پہلا درویش سیدھا ہوا اور بولا ’’میں دفتر میں…

آپ افغانوں کو خرید نہیں سکتے

پاکستان نے یوسف رضا گیلانی اور جنرل اشفاق پرویز…

صفحہ نمبر 328

باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…