لاہور(آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے زلزلہ زدگان کی امداد میں خورد برد سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ پر کہا ہیکہ وہ زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا مردار کھانے کے برابر سمجھتے ہیں۔احتساب عدالت لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر
شہبازشریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں شہبازشریف عدالت میں پیش ہوئے۔شہبازشریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جس کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔شہبازشریف نے دورانِ سماعت عدالت کے روبرو بیان دیا کہ حمزہ شہباز نیب کی تحویل میں ہیں ان کو نیب نے ہی پیش کرنا تھا، مجھے آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا، الحمدللہ اب میں ضمانت پر ہوں، پھر بھی میں ہر پیشی پر عدالت میں حاضر ہوتا ہوں۔برطانوی اخبار کی خبر پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرے متعلق جو اسٹوری لگائی گئی وہ انتہائی مضحکہ خیز ہے پتہ نہیں جھوٹی اسٹوری چھپوانے کی کیا ضرورت تھی ، زلزلہ زدگان کے پیسے کھانا ایسے سمجھتا ہوں کہ جیسے مردار کھانا، خدانخواستہ اگر میرے خلاف آدھے دھیلے کی کرپشن ہوتی تب بھی ڈیلی میل میں خبر چھپوانے کی کیا ضرورت تھی کیس میں حقیقت تھی تو پاکستانی میڈیا کے سامنے لیکر آتے ، اس طرح سے پاکستان کو پوری دنیا میں بدنام کیا گیا، انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو خط لکھا کہ ایرا میں جو شخص تھا نیب اس وقت کہا تھی میں نے اگر خیانت کی ہوتی تو پھر اس شخص کو بھی عدالت میں پیش کرتے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔