سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق ایم پی اے نظام الدین سیالوی جن کا تعلق سرگودھا سے تعلق رکھنے والے روحانی و سیاسی خانوادے سیالوی سے ہے، انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل پر تحریک انصاف کے لیے ووٹ مانگنے پر معافی مانگ لی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے دباؤ کے تحت یہ عمل کیا اور
یہ میری بڑی غلطی تھی، نظام الدین سیالوی نے کہا کہ ن لیگی تھا، ہوں اور رہوں گا، انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خواجہ حمید الدین سیالوی کی اجازت سے یہ فیصلہ کیا تھا۔ نظام الدین سیالوی نے کہا کہ میں اس لیے پی ٹی آئی سے اتفاق نہیں کر رہا تھا کہ مجھے شکوک و شبہات تھے کہ یہ ڈیلیور نہیں کر سکیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایجنڈے کے تحت آ رہے ہیں، ہر طبقے کے اوپر اس وقت ایک ظلم کی کیفیت ہے، انہوں نے کہا کہ میرا خیال تھا کہ میری خاموشی اس ظلم کا حصہ بن رہی ہے، میں اس لیے ان کا مزید ساتھ نہیں دے سکتا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں ان کے لیے پہلے جو کچھ کہہ چکا ہوں میں اس پر شرمندہ ہوں اور اس پر عوام سے معافی چاہتا ہوں، انہوں نے ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ میرا بھائی تھا جو میری مرضی کے خلاف ان کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہا تھا، ہماری فیملی کا اُس وقت یہ مشترکہ فیصلہ تھا، یہ بزرگوں کی مرضی سے ہوا تھا، ان کے حکم سے ہی میں نے سب کچھ کیا، لیکن میرا ضمیر اب اور اس بات کو گوارا نہیں کرتا، عوام کے دباؤ کی وجہ سے ہی میں نے ان سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔