بدھ‬‮ ، 15 جنوری‬‮ 2025 

تاجروں کی دی گئی شٹر ڈاؤن ہڑتا ل پر تاجر تنظیمیں پھر تقسیم

datetime 11  جولائی  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور(این این آئی)حالیہ بجٹ میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف 13جولائی کودی گئی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر تاجر تنظیمیں تقسیم ہو گئیں، ٹریڈرز الائنس نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے کامیاب مذاکرات کے بعد 13جولائی کی ہڑتال موخر کر دی جبکہ آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ ہمارے مطالبات وفاق سے متعلقہ ہیں صوبائی وزیر کیسے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کر اسکتا ہے،13جولائی کی ہڑتال کا فیصلہ اٹل ہے اور عزت دار تاجر اعلان کے مطابق ہڑتال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور تاجر تنظیموں کے درمیان وزیر اعلیٰ آفس میں سات گھنٹے تک طویل مذاکرات کامیاب ہوئے۔ تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال اور رکن پنجاب اسمبلی نذیر احمد چوہان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ہمارے تمام مطالبات مان لیے ہیں لہٰذا اب ہڑتال کا کوئی جواز نہیں۔ مذاکرات کی کامیابی کے بعد اب مارکیٹیں اور دکانیں بند نہیں ہوں گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے ساتھ سات گھنٹے تک طویل مذاکرات ہوئے اور اِن کے تمام جائز مطالبات کو مانا گیا ہے اور بعض مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف تنظیمیں پراپیگنڈا کر رہی ہیں کہ شناختی کارڈ ہر خریدار سے طلب کیا جائے گاحالانکہ یہ شرط صرف مین ڈیلر کے لیے ہے۔ عام دکاندار اور گاہک کے لیے نہیں۔ سب ڈیلر کے لیے فکسڈ ٹیکس کا نظام لایا جا رہا ہے۔ حکومت چھوٹے دُکانداروں پر کوئی ٹیکس نہیں لگا رہی اور نہ ہی اس بارے میں سوچا جا رہاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام کے بغیر حکومتی نظام نہیں چلتے ایسے لوگ جو ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اُنہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ملوں کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں صرف اُنہی پر شناختی کار ڈ کی شرط لاگو کی جا رہی ہے۔ کوئی خریدار 50 ہزار روپے مالیت سے کم سامان

جتنی بار بھی خریدے گا اس سے شناختی کارڈ طلب نہیں کیا جائے گا۔ عام دکاندار سے بالکل نہیں پوچھا جائے گا۔ جیولرز ایسوسی ایشنز کے لیے ٹیکس کا علیحدہ نظام ان کی مشاورت سے لائیں گے ابھی کسی چیز کا اِن پر اطلاق نہیں ہوتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایف بی آر مارکیٹوں میں چھاپے نہیں مارے گی اور نہ ہی کسی کا اکاؤنٹ منجمد کیا جائے گا۔ درآمدپر ٹیکس کے معاملے پربات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جن بل آف لینڈنگ لا ء کے آنے سے پہلے کلیئر نہیں ہواان پرا بھی

یہ نیا نظام لاگو نہیں ہوگا،پہلے اِن کا بل آف لینڈنگ کلیئر کیا جائے گا۔ٹرانسپورٹر پر دو سے چار فیصد ٹیکس کی جو بات ہو رہی ہے اِس حوالے وزیر اعظم سے بات کریں گے اِنشاء اللہ اِنہیں بھی ریلیف ملے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت نہیں بڑھے گی جو قیمت 2018 ء میں تھی وہی قیمت یعنی 20 آٹے کا تھیلہ 770 روپے میں ملے گا۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو جتنی بھی سبسڈی دینا پڑی دے گی۔

آٹے کی قیمت کو کسی صورت بڑھنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹے کی سستے داموں فراہمی کے لیے 42 ارب روپے کی سبسٹڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی سستے داموں فراہمی پر اگر حکومت اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے تو قیمتوں پر نظر رکھنا بھی حکومت کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھی پر وفاقی حکومت نے جو دو سے سات فیصد ٹیکس لگایا تھا یہ ٹیکس واپس لینے کے لیے سمری وزیر اعظم کو بھیج دی گئی ہے اور یہ ٹیکس بھی انشاء اللہ واپس ہوگا اور

گھی کی قیمت بھی کم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غریب آدمی پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔سیمنٹ، گھی، چینی پر ٹرن آور ٹیکس میں بھی کمی کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ورثے میں ملنے والے معاشی بحران کو ٹھیک کرنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے اور ہم اس میں انشاء اللہ ضرور کامیاب ہونگے۔ قبل ازیں حکومت اور تاجروں کے مابین طویل مذاکرات ہوئے جس میں پاکستان ٹریڈز الائنس پنجاب کے صدر اور تاجرتنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

آل پاکستان انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ)کے مرکزی صدر اشرف بھٹی آل پاکستان انجمن تاجران (نعیم میر گروپ) کے سیکرٹری جنرل نعیم میر نے تاجروں کے ایک دھڑے کے حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے مطالبات وفاق کے ساتھ تھے، ایک صوبائی وزیر ہمارے مسائل کا حل کیسے کرسکتا ہے۔میاں اسلم اقبال نے پریس کانفرنس میں ایف بی آر کا کوئی نوٹیفکیشن پیش نہیں کیا،مذاکرات کرنے والے تاجروں کو لالی پاپ مل گیا ہے۔وزیراعظم پہلے ہی

شناختی کارڈ کی شرط ختم نہ کرنے کہہ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کو عزت دار تاجر ہڑتال کریں گے۔ نعیم میر نے کہا کہ بکاؤاور مفاد پرست ہڑتال کی مخالفت کریں گے،جو گروپ بھی تحریری دستخط شدہ ہڑتال کی مخالفت کرے گا تاجروں کا غدار ہوگا اورتاجر غدارواں کا خود محاسبہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں پر دکان کے رقبے کے اعتبار سے ٹیکس لگایا جا چکا ہے،اسلم اقبال نے بجٹ ڈاکومنٹ پڑھا ہی نہیں،ریٹیلر کو مال خریداری کے وقت لازمی شناختی کارڈ نمبر دینا ہوگا۔ علاوہ ازیں آل پاکستان ماربل اینڈ گرے نائیٹ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف پاکستان کی کال پر آج (جمعہ)2:30بجے بمقام ماربل مارکیٹ شاہ جمال چوک اچھرہ میں ٹیکسوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ آل پاکستان انجمن تاجران کی مرکزی قیادت بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کرے گی۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



20 جنوری کے بعد


کل صاحب کے ساتھ طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی‘ صاحب…

افغانستان کے حالات

آپ اگر ہزار سال پیچھے چلے جائیں تو سنٹرل ایشیا…

پہلے درویش کا قصہ

پہلا درویش سیدھا ہوا اور بولا ’’میں دفتر میں…

آپ افغانوں کو خرید نہیں سکتے

پاکستان نے یوسف رضا گیلانی اور جنرل اشفاق پرویز…

صفحہ نمبر 328

باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…

صدقہ

وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…