لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ کر دی اور جرنلسٹ کالونی کے مکینوں کے ذمہ واجب الادا ماہانہ واجبات کے تقریبا ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ختم کرنے اورلاہور پریس کلب کے ارکان کیلئے ہیلتھ کارڈبھی جاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے- وزیر اعلی سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں اور گورننگ باڈی کے
ارکان نے ملاقات کی -وزیر اعلی عثمان بزدار نے پریس کلب کے عہدیداروں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی- وزیر اعلی نے ایف بلاک کی ڈویلپمنٹ اور فیز ٹو کے امور جلد ازجلد حل کرنے کی ہدایت کی- وزیر اعلی نے بورڈ ز آف ڈائریکٹر اور منتخب مینجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا- وزیر اعلی نے کہا کہ جرنلسٹ کالونی ہربنس پورہ میں کمرشل ایریا کی تعمیر، پبلک پارک کا قیام، 30 بیڈ کے ہسپتال اور سکول کے قیام کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے- وزیر اعلی نے سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام واسا کے سپرد کرنے اور بجلی کا نظام لیسکو کے سپرد کرنے کیلئے کارروائی کی ہدایت کی – وزیر اعلی نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ناجائز قابضین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت کی- وزیر اعلی نے اراضی کا پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حق میں انتقال کرنے کیلئے کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا- لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، شاہد چوہدری اور دیگر عہدیداروں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کیلئے وزیر اعلی کے جذبات قابل قدر ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار لاہور ہی نہیں بلکہ پورے پنجاب کے صحافیوں کیلئے امید کی روشن کرن ہیں اور انہوں نے تمام مطالبات تسلیم کر کے صحافیوں کے دل جیت لئے -وزیر اعلی عثمان بزدار نے
صحافیوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے تمام دوست ہمارے لئے قابل احترام ہے، مثبت صحافت کے ذریعے عوام کے مسائل کی نشاندہی کرنے والے صحافی قابل قدر ہیں – صحافیوں سے پیار کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے- تقریب سے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے بھی خطاب کیا- اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم، سیکرٹری انفارمیشن، ڈی جی پی آر،کمشنر، ڈی سی لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، پولیس اور دیگر حکام بھی موجود تھے-