اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی رؤف کلاسرا نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں حماد اظہر سے وفاقی وزیر ریونیو ڈویژن کا قلمدان واپس لینے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو خوش کرنا بہت آسان ہے، رؤف کلاسرا نے کہا کہ جب عمران خان نے حماد اظہر کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تو میں نے کہا کہ اگر انہیں اس لیے وزیر بنایا گیا ہے کہ
انہوں نے شہباز شریف کو قومی اسمبلی میں جواب دیا تو یہ ٹھیک نہیں، معروف صحافی نے کہا کہ اب حماد اظہر کو جو عہدہ دیا گیا ہے اس سے لگتا ہے کہ انہیں بالکل سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے، اب انہیں وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن مقرر کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ حفیظ شیخ نے حماد اظہر کی تعیناتی پر شدید ردعمل دیا تھا، اس کے علاوہ معروف صحافی عامر متین نے کہا کہ حماد اظہر کو جب وفاقی وزیر بنایا گیا تو حفیظ شیخ نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا کیونکہ ان کے اختیارات کم کر دیے گئے تھے، معروف صحافی عامر متین نے کہا کہ ہم نے تو یہاں تک سنا کہ وزیراعظم عمران خان کو حفیظ شیخ نے استعفے کی دھمکی دی تھی، حماد اظہر سے وفاقی وزیر ریونیو ڈویژن کا قلمدان واپس لے کر اس کے اختیارات حفیظ شیخ کو دے دیے گئے۔ واضح رہے کہ8 جولائی کو حماد اظہر نے وفاقی وزیر برائے ریونیو کا حلف اٹھایا تھا اور وزیراعظم عمران خان نے حامد اظہر کو وزیر مملکت برائے ریونیو کے طور پر اچھی کارکردگی دکھانے پر وفاقی وزیر کا عہدہ دیا گیا تھا، حفیظ شیخ کے اعتراض پر حماد اظہر سے قلمدان واپس لے کر دوبارہ حفیظ شیخ کو ریونیو ڈویژن کا قلمدان سونپ دیا گیا۔