لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں اہل خانہ نے ملاقات کی، عدالت کی جانب سے اجازت ملنے پر ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا، پارٹی رہنما اور کارکنا ن نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر موجود رہے اور ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔
محکمہ داخلہ کے احکامات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے خاندان کے پانچ افراد نے ملاقات کی۔ بھائی محمد شہباز شریف، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) محمد آصف اور دیگراہل خانہ نے نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔اس موقع پرملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کے فیصلے کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی،نئے چیئرمین سینیٹ کیلئے حاصل بزنجو کے نام کی منظوری،احتساب عدالت کے جج کی سامنے آنے والی مبینہ آڈیو، ویڈیو ریکارڈنگ اور مریم نواز کو احتساب عدالت کے 19جولائی کیلئے طلبی کے نوٹس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے جو جلد گزر جائے گا، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی سے پسی عوام کیلئے مسلم لیگ (ن) واحد امید ہے اور ہم نے اس طبقے کی آواز بننا ہے۔۔ ذرائع کے مطابق مریم نوازنے منڈی بہاؤالدین کے کامیاب جلسے سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ میاں صاحب گھبرائیں نہیں لوگ آپکے ساتھ ہیں۔ نواز شریف نے کامیاب سیاسی سرگرمیوں پر مریم نواز کی تعریف بھی کی۔بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا۔شریف خاندان کے افراد کی کوٹ لکھپت جیل آمد پر کارکنوں کی جانب سے ان کی گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کئے گئے اوران کے حق میں نعرے لگا ئے گئے۔