لاہور (آن لائن) صادق آبادکے قریبی ریلوے سٹیشن رحیم یار خان پر ہونے والے اکبر ایکسپریس ٹرین کے حادثے کے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ریلوے ہیڈ کوارٹر کو پیش کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں حادثے کی وجہ کانٹا نہ بدلنا بتائی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اکبر ایکسپریس اپنی رفتار کے ساتھ آ رہی تھی کہ مین لائن اور لوپ لائن کے درمیان بروقت کانٹا نہ بدلنے سے اکبر ایکسپریس مسافر ٹرین اپنی پوری رفتار کے ساتھ لوپ لائن پر
پہلے سے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی جس سے بارہ افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق اکبر ایکسپریس کے لئے جائے حادثہ سے پیچھے ٹرین ڈرائیور کو گرین سگنل دیا گیا تھا۔ جس کی روشنی میں سٹیشن ماسٹر نے کانٹا تبدیل نہ کروایا اور ٹرین کورن تھرو کی اجازت دے دی۔ ذرائع کے مطابق ٹرین حادثے کی تفصیل تفصیلات کے لئے پاکستان ریلویز کے فیڈرل جنرل انسپکٹر اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں۔