لاہور(این این آئی)کرتار پور راہداری منصوبے پر پاک بھارت مذاکرات 14 جولائی کو واہگہ باڈر پر ہوں گے،پاک بھارت مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل اور بھارتی وفد کی قیادت جوائنٹ سیکرٹری خارجہ دیپک متل کریں گے۔ نجی ٹی وی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے 14 جولائی کو ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے۔بھارت کی جانب سے کرتار پور رہداری منصوبے کے حوالے سے نکات تیار
کرلیے گئے۔مذاکرات میں کرتارپور راہداری کے افتتاح کی تاریخ اور وقت پربات ہوگی۔افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کی طرف سے شریک اہم راہنماؤں کے نام فائنل کیے جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کی افتتاحی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔کرتار پور رہداری منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کتنے بھارتی یاتری پاکستان آئیں گے اس پر بھی بات ہوگی۔ جبکہ مذاکرات میں سکھ یاتریوں کی رجسٹریشن کے طریق کار سمیت دیگر امور پر بات چیت ہو گی۔