اسلام آباد(آن لائن) معروف قانون دان اور پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو ازخود مستعفی ہو جانا چاہئے اپوزیشن صادق سنجرانی کو ہٹا کر سینیٹ میں اپنی برتری ثابت کرنا چاہتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ جج سے متعلق ویڈیو پر بار ثبوت مریم نواز پر ہے مریم نواز کی پریس کانفرنس بڑا واقعہ ہے لیکن کوئی اس پر توجہ نہیں دے رہا، ویڈیو کے حوالے سے جج ارشد ملک پہلے ہی تردید کر چکے ہیں، شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث کو پریس کانفرنس میں مریم نواز کے
ہمراہ موجود ہونا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور آڈیو بنانے والے کو بھی عدالت کے روبرو پیش ہونا ہوگا اور اریجنل ٹیپ عدالت میں پیش کرنا ہوگی، اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بغیر نواز شریف جیل سے باہر نہیں آسکتے، مسلم لیگ ن کو سپریم کورٹ کے سوموٹو نوٹس کا انتظار نہیں کرنا چاہئے بلکہ خود عدالت سے رجوع کرنا چاہئے اس معاملے پر ن لیگ کا عدالت میں نہ جانا حیرت انگیز ہے، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے معاملے پر اپوزیشن سینیٹ میں اپنی برتری ثابت کرنا چاہتی ہے، صادق سنجرانی شائستہ اور شریف انسان ہیں انکو خود ہی مستعفی ہو جانا چاہئے۔