لاہور(این این آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف کو جیل میں صحت افزا کھانا دینے کے حوالے سے میڈیکل بورڈ نے خوراک کا چارٹ تیار کرلیا۔چارٹ کے مطابق نوازشریف کے کھانے میں نمک کی مقدار کم کروائی گئی ہے، ڈاکٹروں نے کھانے میں پروٹین کی مقدار کم اور چکنائی منع کی ہے۔ طبی ماہرین نے بلڈ پریشر اور شوگر کیلئے ادویات بھی تجویز کی ہیں۔نوازشریف کو ناشتے میں پھل اور جوس جبکہ دوپہر میں سبزی کے ساتھ مٹن کی
مخصوص مقدار اور روٹی تجویز کی گئی ہے۔طبی ماہرین نے نوازشریف کو روزانہ ورزش کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔نوازشریف کو یہ بھی تجویزدی گئی ہے کہ اگر چاہیں تو پاکستان میں کہیں سے بھی اپنے مزید ٹیسٹ کرواسکتے ہیں۔ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق جیل مینوئل میں گھر کے کھانے کی اجازت نہیں اور گھر سے مضر صحت کھانا آرہا تھا۔نواز شریف عدالت سے سزا یافتہ ہیں انہیں حکومت جیل مینوئل کے مطابق ہی سہولیات فراہم کرے گی۔