اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں بابر اعوان کی بریت کا 12 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہاگیاکہ بابر اعوان کے پاس بطور وزیر قانون صرف ایک مرتبہ نندی پور منصوبے کی فائل گئی،بابر اعوان نے ایک ہی روز میں فائل پر نوٹ لکھ کر فائل واپس کردی۔ منگل کو جاری فیصلے میں احتساب عدالت نے کہاکہ صرف ایک دن فائل پاس رکھنے پر بابر اعوان کو نندی پور منصوبے کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔عدالت نے کہاکہ راجہ
پرویز اشرف بطور وزیر پانی و بجلی نندی پور منصوبے کے انچارج تھے۔ عدالت نے کہاکہ بظاہر وزارت قانون اور پانی و بجلی میں اختلاف پر پرویز اشرف نے بروقت وزیر اعظم کو آگاہ نہ کیا۔ فیصلے میں کہاگیاکہ اب تک کی شہادتوں کی روشنی میں بابر اعوان اور ریاض کیانی کو بری کیا جاتا ہے، راجہ پرویز اشرف، شمائلہ محمود اور ڈاکٹر ریاض کی قسمت کا فیصلہ فلحال نہیں کیا جاسکتا۔احتساب عدالت نے کہاکہ مستقبل میں شہادتیں قلمبند ہونے کے بعد ملزمان بریت کی درخواستیں دے سکتے ہیں۔