اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ،فاٹا کے آزاد ارکان نے چیئرمین سینٹ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق سنیٹر مزار آفریدی نے فاٹا کے سنیٹرز کے ہمراہ چیرمین سینٹ کے چیمبر میں پہنچے،سنیٹر مرزا آفریدی نے چیئرمین سینٹ کو حمایت کی یقین دہانی کرائی۔سینیٹر مرزا آفریدی نے کہاکہ چیرمین سینیٹ کے خلاف قرار داد سینٹ اور پاکستان کے خلاف سازش ہے۔قبل ازیں اپوزیشن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف
تحریک عدم اعتماد کی قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادی، اپوزیشن چیئرمین سینٹ کے امیدوار کا فیصلہ 11 جولائی کو کرے گی جبکہ سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے کہا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ اپوزیشن کی قرارداد اور ریکوزیشن کا مکمل جائزہ لینے کے بعد آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریگا۔منگل کو اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز کا مشترکہ اجلاس قائد حزب اختلاف سینیٹ راجہ ظفر الحق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں باہمی مشاورت سے تحریک عدم اعتماد کی قرار داد اور ریکوزیشن کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس کے بعد راجہ ظفرالحق،شیری رحمان، مشاہداللہ خان اور سینیٹر جاوید عباسی نے قرارداد اور ریکوزیشن سیکرٹری سینیٹ محمد انور کو پیش کی، قرارداد پر 38 سے زائد ارکان کے دستخط ہیں۔سیکرٹری سینیٹ محمد انورکا کہنا ہے چونکہ کسی بھی چیئرمین سینٹ کے خلاف پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد آئی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ آئین میں درج طریقہ کارکے مطابق قرارداد اور ریکوزیشن کا جائزہ لے کر فیصلہ کرے گا۔قائد حزب اختلاف سینیٹ راجہ ظفرالحق نے کہاکہ ہماری ناراضگی تو چیئرمین سینیٹ سے نہیں حکومت سے ہے، اے پی سی کے فیصلہ کے تحت چیئرمین سینیٹ کے خلاف قرارداد پیش کی ہے۔سینیٹر جاوید عباسی نے کہاکہ قراداد میں چیئرمین سینٹ پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ کے اکثریت کا اعتماد کھو دینے کی بنیاد پر تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پیش کی ہے، اب سینیٹ سیکرٹریٹ 14روزمیں اجلاس بلائیگا، چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن کے امیدوار کا فیصلہ 11 جولائی کو رہبرکمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔