چکوال(آ ن لائن)چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے پاس چیئرمین سینٹ کوہٹانے کیلئے نمبر پورے ہیں اور 9 جولائی کو چیئرمین صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ وہ صائم مارکی میں مسلم لیگ ن ضلع چکوال کے ورکرز کنونشن میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ حکومت سینٹ میں فاروڈ بلا ک بنانے کی سر توڑ کوشش کر رہی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی طرف سے راجہ ظفر الحق اور
مصدق ملک میں سے کسی ایک امیدوار کو سامنے لانے کے بارے میں مشاورت مکمل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 103کے ایوان میں متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چیئرمین سینٹ 70سے زائد ووٹ لینے کی پوزیشن میں ہے۔ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ عمران خان کی حکومت ڈیلیور نہیں کر سکی، عوام میں بے چینی اور افراتفری بڑھی ہے اور یہی وجہ ہے کہ متحدہ اپوزیشن کو پورے ملک میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ حکومت متحدہ اپوزیشن نہیں بلکہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے خود اپنی موت آپ مرتی جا رہی ہے۔