اسلام آباد (این این آئی)آئی ایم ایف کے پاکستان کیلئے مشن چیف ارنیسٹو رامیرس ریگو نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا،رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.4 فیصد رہے گی،پروگرام کے اختتام پر پاکستانی شرح نمو پانچ فیصد تک پہنچ جائیگی،حکومت کو پی آئی اے، ریلوے اور پاکستان سٹیل مل کے حوالے سے جلد فیصلے کرنا ہونگے،پاکستانی معاشی کارکردگی میں شفافیت کیلئے سٹیٹ بینک کی خودمختاری ضروری ہے۔پیر کوآئی ایم ایف کے پاکستان کیلئے
مشن چیف ارنیسٹو رامیرس ریگو نے ٹیلی فونک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کیلئے اصلاحات کا دارومدار پاکستانی حکومت کے سیاسی عزم پر ہے،رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.4 فیصد رہے گی اور امید ہے کہ آئندہ مالی سال شرح نمو 3 فیصد رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام پر پاکستانی شرح نمو پانچ فیصد تک پہنچ جائیگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ،سرکاری اداروں کے نقصان میں کمی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی آئی اے، ریلوے اور پاکستان سٹیل مل کے حوالے سے جلد فیصلے کرنا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی مارکیٹ میں بانڈ کے اجراء کیلئے جا سکتا ہے،بانڈز کے اجراء کیلئے پاکستان کو درست وقت پر درست فیصلے کرنا ہو نگے۔انہوں نے کہا کہ 5500 ٹیکس محصولات کے ہدف کے حصول کیلئے صوبوں کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا،پاکستان کی وفاقی حکومت ٹیکس آمدن کا 57 فیصد صوبوں کو فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس محصولات کے ہدف کے حصول کیلئے مرکز و صوبوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہو نگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی میں شفافیت کیلئے سٹیٹ بینک کی خودمختاری ضروری ہے۔