کراچی (این این آئی)کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کا ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت سید ارشاد حسین شاہ بخاری منعقد ہوا۔ جس میں اتحاد میں شامل تنظیموں کے علاوہ سندھ اونرز ایسوس ایشن سندھ، ایئر کنڈیشنڈ بس اونرز ایسوسی ایشن، سندھ بلوچستان بس اونرز ایسوسی ایشن، سندھ وین اونرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے سی این جی کی قیمتوں میں 20 روپے اضافہ، موٹر وہیکل ٹیکس اور پرمٹ کی فیس میں اضافے کے خلاف 10 جولائی 2019 ء بروز بدھ کو کراچی اور اندرونِ سندھ بسیں، منی بسیں، کوچز،
وین ہڑتال کریں گی۔ اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں سی این جی کی قیمتوں میں مجموعی اضافہ 50 روپے اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی اضافہ 58 روپے ہوا۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے موٹر وہیکل ٹیکس اور پرمٹ فیس میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ چلانا مشکل ہوگیا ہے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 10 جولائی کو شام 4 بجے گاڑیاں گورنر ہاؤس کے سامنے لا کر کھڑی کی جائیں گی۔ تمام مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ 10 جولائی کو شام 4 بجے گورنر ہاؤس کے سامنے گاڑیاں لانے کی ہدایت کا انتظار کریں۔