اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کے ساتھ چائے پیتے ہوئے حکومت کے خاتمے کا وقت بتا دیا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت جانے میں مزید 4 سے 6 ماہ رہ گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھیجنے والے ہم خود ہوں گے، اس کے بعد انشا اللہ سویلین حکومت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت سویلین مارشل لاء ہے، پروڈکشن آرڈر
جاری نہ کرنا پارلیمانی اخلاقیات کے خلاف ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بات پر سیاست میں غلطی ہو جاتی ہے، مان لیتا ہوں ہو سکتا ہے کہ مجھ سے بھی غلطی ہوئی ہو، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کا مستقبل ہے، ان کو ہم صرف نصیحت کریں گے، آصف علی زرداری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خطرہ مجھ سے نہیں بلکہ ہماری سیاست اور پیپلز پارٹی کی طاقت سے ہے، انہوں نے کہا کہ بلاول ہماری طاقت ہے اور یہ سال انشاء اللہ بلاول کی شادی کا سال ہو سکتا ہے۔