لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی مبینہ ویڈیوکا فرانزک آڈٹ کرانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں میں جمع کروادی ۔ تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت کے جج جناب ارشد ملک کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق نااہل وزیر اعظم کی صاحبزادی بیگم مریم صفدر نے الزامات کی بوچھاڑ کی
احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی مبینہ ویڈیو کو جعلی اور جھوٹاقرار دیا ہے۔مریم صفدر نے سیاق و سباق سے ہٹ کر سنگین الزامات لگا کر ان کی ذات اور ساکھ کو متاثر کرنے کی مذموم کوشش کی ۔مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی مبینہ ویڈیو کے ذریعے احتساب عدالت کے معزز جج پر الزامات قابل مذمت ہیں ۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بیگم مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی مبینہ ویڈیو کا مکمل فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ ذمہ داران کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔