اسلام آباد( آن لائن )سپریم کورٹ آف پاکستان نے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر میر فائق جمالی کوالیکشن لڑنے سے روک دیا، عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ میرفائق جمالی 28 نومبر 2026 تک الیکشن نہیں لڑسکتے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بنچ نے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر میر فائق جمالی کی نااہلی کیخلاف درخواست پر سماعت کی،وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میرفائق جمالی نے نیب کیس میں اکتوبر 2013 تک سزا بھگتی،
سزا پوری کرنے کے بعد میرا موکل الیکشن لڑسکتا ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ احتساب عدالت نے 6 کروڑ روپے جرمانہ بھی کیا،نیب قانون میں سزاپوری کرنے کے بعد 10 سال کی نااہلی ہے،آپ کے موکل نے سزاپوری کی مگر جرمانہ نہیں دیا،وکیل ملزم نے کہا کہ میراموکل 29 نومبر 2016 کوجرمانہ ادا کرچکا ہے،عدالت نے کہا کہ جرمانہ اداکرنے کی تاریخ سے نااہلی کے 10سال شروع ہوں گے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ فائق جمالی 2026 کے بعد الیکشن لڑلیں