لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو منڈی بہاؤالدین میں جلسے کی اجازت نہ ملنے اور لیگی کارکنان کی گرفتاری کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی گئی۔ مسلم لیگ(ن) کی رکن اسمبلی کنول لیاقت ایڈوکیٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین جلسہ کرنا تھا جس سے موجودہ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہو گئی ہے اور لیگی
کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کردیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔قرار دادمیں کہاگیا کہ خود سالہا سال سڑکوں پر احتجاج کرنے والے مریم نواز کے جلسے سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور جعلی حکومت کو اصل میں خوف میاں نوازشریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت ہے۔مریم نواز بہاد رباپ کی بہادر بیٹی اور عظیم لیڈر ہیں۔جسکی مقبولیت سے حکومتی ایوان بری طرح خوفزدہ نظر آتے ہیں۔قرارداد میں لیگی کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیاگیا۔