اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے پنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک کیلئے 37اراکین کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کارکردگی میں سب سے آگے نکل گئے ہیں،قومی اسمبلی میں مطلوبہ تعداد نہیں مل سکی اور یہ تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے،90دن کی سیاست بہت اہم ہے،جو جتنا زیادہ چیخ رہا ہے اس کی گرفتاری اتنی زیادہ نزدیک ہے،مریم نواز جلسہ جلسہ کھیلیں اس سے کیا فرق پڑتا ہے،
حقیقت میں مریم نواز چاہتی ہیں کہ نواز شریف مرسی بن جائے تاکہ میرا کام بن جائے، میری اگلی پریس کانفرنس سے پہلے اسحاق ڈار پاکستان میں لایا جا سکتا ہے،ایمنسٹی سکیم میں ریلوے کی بھی اربوں روپے کی جائیدادیں سامنے آئی ہیں،تہذیب اور شالیمار ہسپتال کا کیس لڑنے جارہے ہیں جبکہ بزنس ایکسپریس کا کیس نیب میں دے رہے ہیں، 35لاکھ لیٹر ایندھن بچایا ہے، ریلوے کی ڈوبی ہوئی جائیدادوں کے اربوں روپے مل گئے تو شاید خسارہ پانچ سال سے پہلے ایک سال میں ہی ختم کر لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے اپنے اعلان کردہ ہدف کے مطابق مسافر ٹرینیں چلا لی ہیں، ہم نے 60لاکھ مسافر بڑھائے ہیں جو ایک تاریخ ہے۔ ہم اگلے ماہ فریٹ ٹرین کا ٹینڈر دینے جارہے ہیں۔ چوٹی کے چھ وکیلوں کے مقابلے میں تن تنہا رائل پام کا کیس لڑا او رجیتا۔ تہذیب اور شالیمار ہسپتال کا کیس لڑنے جارہے ہیں اور بزنس ایکسپریس کا نیب میں دے رہے ہیں۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے ایندھن کی مد میں 4ارب روپے کا اضافی بوجھ بڑھاہے لیکن ہم نے اپنے اخراجات میں تاریخی کمی کی ہے۔ اگرایندھن کا بوجھ نہ ہوتا تو ہم اپنا خسارہ 10سے 12ارب روپے کم کر سکتے تھے۔ ہم نے 2ارب روپے کے اخراجات کم کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لاہور، میانوالی ٹریک کو ری ہیبلی ٹیٹ کرنے جارہے ہیں،ایم ایل ون کا پی سی ون چلا گیا ہے،قرعہ اندازی کے ذریعے 10ہزار ملازمین کی بھرتی کر رہے ہیں، ٹی ایل ملازمین کو مستقل کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رائل پام کے بعد ایمنسٹی سکیم میں ریلوے کی اربوں روپے کی جائیدادیں سامنے آئے ہیں اگر ہمیں اس کی رقم مل گئی تو کابینہ سے سفارش کروں گا کہ گریڈ 1تا 16ملازمین کی تنخواہوں میں مزید 10فیصد اضافہ کیا جائے۔ ہم ثابت کریں گے کہ ہم میں کامیابی حاصل کرنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ تجاوزات قائم کرنے والوں سے بھی واضح کہتا ہوں کہ 90روز مین پیسے جمع کرائیں اور 1900لوگوں کو نوٹس بھجوا رہے ہیں۔ اگر ہمارے وسائل بڑھے تو وزارت خزانہ سے کہیں کہ ہم اپنا بجٹ خود پیش کریں گے۔
انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ جو جتنا زیادہ چیخ رہا ہے اس کی گرفتاری اتنی زیادہ قریب ہے،آصف زرداری تو نیب کا کمرہ خالی کرنے کے لئے تیار نہیں او روہ کہتے ہیں میرا نوے روز کا ریمانڈ پورا کرو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک کیلئے تعداد 37ہو چکی ہے اور 7سے 8کم ہیں اور میرے خیال میں اس مہینے میں یہ بن جائے گا۔ قومی اسمبلی میں تعداد بہت کم ہے بلکہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ آپ کہتے تھے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی نہیں وہ کارکردگی میں ہم سب سے آگے نکل گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے چہرے پر نور آیا ہوا ہے، شہباز بھی بری طرح پھنس گیا ہے،مریم نواز کی سیاست ختم ہو چکی ہے وہ جلسہ جلسہ کھیل بھی لے تو کیا فرق پڑے گا۔سابقہ حکومت کو سو فیصد مریم بی بی نے مروایااور اب نواز شریف کو بھی سیاسی طو رپر مریم نواز مروائے گئی۔مریم کہتی ہیں کہ نواز شریف کو مرسی نہیں بننے دیں گے حالانکہ وہ چاہتی ہیں کہ نواز شریف مرسی بن جائے اور میرا کام بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان سے کہا ہے کہ انہیں جانے دو کیونکہ ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ہمیں لندن جانے دو،کچھ نہ کچھ تو ضرو رلیں گے۔
کیا اپوزیشن چینی اور آٹے کی قیمتوں کے خلاف نکل رہے ہیں، ہر جماعت میں چینی اور آٹا مافیا موجود ہے، عمران خان کسی بھی بزنس ملوث نہیں اور وہ سب سے ایماندار سیاستدان ہے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان امریکہ کے بعد روس بھی جائیں گے اور امریکہ کا دورہ ہمارے دفتر خارجہ کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو سے کہا ہے کہ آصف زرداری سے جان چھڑا لو تمہاری سیاست چل سکتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ میں کئی مرتبہ روایتی حریف بھارت سے پاکستانی ٹیم کا میچ دیکھنے بیرون ملک گیا اس مرتبہ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے اس لئے نہیں گیا کیونکہ مجھے معلوم تھاکہ ان تلوں میں تیل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدانوں کو جیلوں میں جتنی سہولتیں میسر ہیں دنیا کے کسی اور ملک میں ایسی سہولتیں نہیں ملتیں۔ ان کی جیلوں میں ساٹھ انچ کی سکرینیں لگی ہیں، ائیر کنڈیشنڈ لگے ہوئے ہیں،
کک اپنے ہیں او رکہتے ہیں کہ گھر سے کھانا آنا بند ہو گیاہے، ان لوگوں نے کھا کھا کر مرجا ناہے ہے، انہیں دولت بھی سزا کے طور پر ملی ہیں اور ان کے جانے کے بعد ان کے بچے آپس میں لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کی وجہ سے جمہوریت کو خطرہ لا حق ہے۔ انہوں نے مریم نواز کے جلسے کے حوالے سے کہا کہ یہ پنگا ہے، میں شام میں ٹی وی پر بیٹھتا ہوں اور7سے 10کروڑ لوگ مجھے سنتے ہیں میں پھر کیوں جلسے سے خطاب کروں۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے رہنے یا نہ رہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاستدانوں کی بیویوں کے نام بھی آئیں گے، میری اہلیہ نہیں ہے اس لئے مجھے کوئی ڈر نہیں۔ میں ان خواتین سے پیشگی اظہار ہمدردی کرتا ہوں جن کے نام آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں پر قبضے کرنے والے بھاگ گئے ہیں اور ان کا تعلق (ن) لیگ سے تھا،ہم بارگین نہیں کر سکتے اس لئے اسے کابینہ کے سامنے لے کر جائیں گے۔