لاہور ( این این آئی)سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقا ت کیلئے دن مختص ہونے کی وجہ سے کارکن اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچے ۔ (ن) لیگ کا معذور کارکن ارشد بھی اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کیلئے گوجرانوالہ سے جیل کے باہر پہنچا ۔ ابھی اس کی وہیل چیئر گاڑی سے اتاری جارہی تھی کہ اسی دوران پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی گاڑی وہاں پہنچ گئی اور کارکنوں کادھکا لگنے کی وجہ سے ارشد نیچے گر گیا
اوراس کا ایک پائوں گاڑی کے ٹائر کے نیچے آگیا ۔ پارٹی صدر محمد شہباز شریف نے واقعہ کا فوری نوٹس ہوتے ہوئے پارٹی ذمہ داران کو زخمی کارکن کو اتفاق ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ۔ شہباز شریف خود اتفاق ہسپتال گئے جہاں انہوں نے زخمی کارکن کی عیادت کی ۔ شہباز شریف نے کہا کہ کارکن ہمارا اثاثہ ہیں ، کارکنوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ عطاء اللہ تارڑ کے مطابق علاج کے تمام تر اخراجات شہباز شریف خود ادا کریں گے۔