لاہور( این این آئی) کوٹ لکھپت جیل حکام نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اہل خانہ کو معمول کے مطابق ملنے کی اجازت دی گئی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جیل حکام کی طرف سے جاری کردہ بیان جھوٹ کا پلندہ ہے ۔کوٹ لکھپت جیل کے حکام نے ملاقات پر پابندی کے حوالے سے خبروں پر کہا کہ نواز شریف نے طبیعت ناساز ہونے باعث لیگی رہنمائوں سے ملاقات منسوخ کرنے کا کہا۔نواز شریف کے اہلخانہ نے11 بجے
سے 2بجے تک معمول کے مطابق ملاقات کی ۔نواز شریف اگر کسی سے ملاقات نہیں کرنا چاہتے تو اس کو کیسے جیل میں داخل ہونے دیں ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عمران خان کی ہدایت پر ملاقاتیں منسوخ کی ہیں ۔نواز شریف کے خاندان کے بعض افراد اور قریبی عزیزو اقارب کو بھی نہیں ملنے دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور مسلم لیگ (ن )کی قیادت سے شدید خوفزدہ ہے۔