اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چنیوٹ کے رہائشی پی ٹی آئی ورکر کی مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آ کر خود کشی کی کوشش ،نجی ٹی وی کے مطابق یوسف خان نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تو اہل محلہ فوری طور پر اسے قریبی ہسپتال لے گئے جہاں یوسف خان کی جان تو بچ گئی لیکن ہسپتال ذرائع کے مطابق اس کی حالت تاحال تشویشناک ہے یوسف خان سے متعلق معلوم ہوا کہ وہ شادی شدہ اور چار بچوں کا باپ ہے۔ یوسف خان نے موجودہ مہنگائی اور بے روزگاری
سے تنگ آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی ٹھانی اور زہریلی گولیاں کھا لی تھیں۔ اہل علاقہ اور یوسف خان کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کا ورکر ہے اور گذشتہ کچھ عرصہ سے بے روزگار ہے ، یہی بات اس کے دلبرداشتہ ہونے کا سبب بنی ، اہل علاقہ نے یوسف خان کی حالت کا ذمہ دار موجودہ حکومت کو ٹھہرایا ہے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں اس وقت مہنگائی اور بیروزگاری بڑھی ہے جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔