پشاور(آئی این پی) خیبر پختونخوا حکومت نے شمالی علاقہ جات میں خوبصورت جھیلوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے نجی کمپنی کے ساتھ ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر سیاحت و کھیل خیبر پختونخوا عاطف خان کے مطابق نجی کمپنی کے ساتھ ہیلی کاپٹر سروس کے حوالے سے بات طے ہو گئی ہے، آئندہ ہفتے معاہدے پر دستخط ہوں گے، ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے سیاح باآسانی
سفر کر پائیں گے جبکہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی پاکستان کی جنت نظیر وادیوں کو دیکھنے کے لئے فضائی سروس مہیا ہوگی۔عاطف خان کے مطابق خیبر پختونخوا میں 32 خوبصورت جھلیں موجود ہیں جن سے سیاح لطف اندوز ہوں گے۔ ہیلی کاپٹر سروس ابتدائی طور پر وادی سوات، کالام، اور چترال کےلئے مہیا ہوگی، چترال کا پنجاب سے 14 گھنٹوں کا سفر ہیلی کاپٹر کے ذریعے صرف ایک دو گھنٹوں میں طے ہوگا جس سے سیاحت کو عالمی سطح پر بھی فروغ ملے گا۔