اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکاؤنٹس میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے جس میں کہاگیاکہ آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے۔
منگل کو جاری سات صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہاگیاکہ آصف زرداری میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی بدنیتی ثابت کرنے میں ناکام رہے۔عدالت نے کہاکہ نیب کے مطابق منی ٹریل کا براہ راست تعلق آصف علی زرداری سے ہے، نیب کو تحقیقات کیلئے آصف زرداری کی حراست درکار ہے۔ عدالت نے کہاکہ دیگر جرائم کی طرح وائیٹ کالر کرائم کا سراغ لگاناآسان نہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہاگیاکہ ملزمان کو دستاویزات سے سامنا کروانا اور کڑیاں جوڑنا ضروری ہوتا ہے، احتساب عدالت میں جمع کرائے گئے مچلکے صرف حاضری کیلئے ہیں۔ تفصیلی فیصلہ میں کہاگیاکہ سیکشن 91 کے مچلکے نیب کو گرفتاری سے نہیں روک سکتے۔