کراچی(این این آئی)کس ملک کا وزیر اعظم یا سربراہ اپنے کھلاڑیوں کیلئے ریلو کٹے جیسا لفظ استعمال کرتا ہے۔ عمران خان کو کرکٹ میچ پر تبصرہ کرنے کے بجائے اپنی حکومت کی کارکردگی پر توجہ دینی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس(ر)وجیہہ الدین نے پاک بھارت میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ریلو کٹا قرار دیکر قومی کرکٹرز کو بے توقیر کیا۔ سمجھ نہیں آتا کہ کیا وہ اتنے فارغ ہیں کہ ٹوئٹر پر کپتان کو ٹپس دیتے رہیں۔ وجیہہ الدین نے خراب کھیل پر ٹیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس نے ایک بار پھر قوم کو شرم سے پانی پانی کردیا۔ ورلڈ کپ سے پہلے احسان مانی کا پی سی بی چیئرمین تعینات ہونا اور پھر درجن بھر متواتر شکستوں کا برپا ہونا، عامر اور وہاب ریاض جیسے کامیاب بالرز کا ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہ ہونا، بلے بازوں کا جان بوجھ کر وکٹیں گنوانا، پچھلے سے پچھلے ورلڈ کپ کی یاد دلاتا ہے، جب اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سیمی فائنل دیکھنے بھارت تشریف لے گئے اور ورلڈ کپ بھارت کو تشتری میں رکھ کر پیش کردیا۔ دراصل کرکٹ میں ہارنا ہمارے حکمرانوں کیلئے شاید ایک سہل کاروبار بن گیا ہے۔ وہ ممبئی کے سٹے بازار کے چہیتے گردانے جاتے ہیں۔ جسٹس(ر)وجیہہ نے سوال کیا کہ احسان مانی موجودہ وزیراعظم کے نامزد کردہ ہیں، لہذا سابق کپتان و موجودہ وزیراعظم کرکٹ کی شرمناک کارکردگی کے کس حد تک ذمہ دار ہیں، کوئی بتائے گا؟۔