اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، سیاحتی مقامات پر لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے سیاحت کو فروغ دینے کے وژن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔
یکم جون سے 16 جون تک 4 ہزار 500 سیاحوں نے اسکردو کا رخ کیا،ساڑھے 7 ہزار فٹ بلندی پر قائم اسکردو ایئرپورٹ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کے لیے ایئر بس اے 320 کا استعمال کیا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے خود بھی عید کی تعطیلات پر سیاحتی مقام کا دورہ کیا تھا۔وزیر اعظم عمران خان نے اسکردو ایئرپورٹ کا دورہ بھی کیا تھا جہاں چیف آپریٹنگ افسر نے انہیں توسیعی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق سی اے اے اسکردو اور سیدو شریف ایئر پورٹ کی اپ گریڈیشن کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سی اے اے نے سیاحت کے فروغ کے لیے 40 سیٹوں پر مشتمل چھوٹے طیاروں کے لائسنس کا اجرا شروع کردیا۔اس ضمن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی ایئر نیوی گیشن آرڈر بھی جاری کردیا گیا، 5 سال کیلئے مستند ٹی پی آر آئی لائسنس کا اجرا کیا جائیگا، ٹی پی آر آئی آپریٹرز 40 نشستوں والے طیارے کو بھی آپریٹ کر سکتے ہیں۔