اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیشن کے ساتھ ملتان سکھر منصوبے میں سابق حکومت کی کرپشن کی دستاویزات رکھونگا، منصوبے میں کچھ ٹھیکیداروں کو نوازا گیا اور جعلی اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے گئے،احسن اقبال سے پانچ سوالات پوچھے تھے،جوابات ابھی تک نہیں ملے، وزارت مواصلات میں 13 میں سے ایک سینئر افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے،افسران کو سزائیں دی گئیں اور
ان سے ریکوری بھی کی گئی ہے۔جمعرات کومیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے دور میں لئے گئے قرضوں اور کرپشن کی تحقیقات کیلئے وزیر اعظم نے کمیشن بنانے کااعلان کر دیا ہے،آئی بی، آئی ایس آئی، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور دیگر اداروں پر کمیشن مشتمل ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ 24 ہزار ارب روپے کا جو قرضہ لیا گیا ہے وہ کن منصوبوں پر لگایا گیا،احتساب کے ذریعے ریکوری کی جائے اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کر کے عوام کی صحت اور تعلیم پر لگایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ وزارت مواصلات کی کئی گاڑیاں نیلام کی گئیں،کلین اینڈ گرین پاکستان کا آغاز کیا،محکمہ ڈاک کا ریونیو بڑھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوسٹل سروسز کے اضافی چارج کی تنخواہ نہیں لیتا،وزیراعظم نے اعلان کیا کہ اب انکوائری کمیشن بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ این ایچ اے کا پہلے روز چارج سنبھالنے کے بعد انٹرنل آڈٹ شروع کیا۔ انہوں نے کہاکہ 430 کروڑ روپیہ این ایچ اے میں آڈٹ کر کے حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے کمیشن کے سامنے ملتان سکھر منصوبے میں سابقہ حکومت کی کرپشن کی دستاویزات پیش کروں گا۔انہوں نے کہاکہ 2013 میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے،2015 میں منصوبے کی بولی لگائی جاتی ہے، ملتان سکھر منصوبے کا کیس نیب میں چل رہا ہے، یہ تمام دستاویزات نیب کے سامنے بھی رکھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کچھ ٹھیکیداروں کا نوازا گیا
جعلی اکاؤنٹ میں پیسے بھیجے گئے۔ انہوں نے کہاکہ آج احسن اقبال کا وقت آ گیا ہے،احسن اقبال سے پانچ سوالات پوچھے تھے ان کے جوابات ابھی تک نہیں دئیے گئے۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاکہ 13 میں سے ایک سینئر افسر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے،افسران کو سزائیں دی گئی ہیں اور ان سے ریکوری بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ احسن اقبال والے منصوبے میں
قومی خزانے کو 50 ارب روپے کا نقصان دیا گیا۔ مراد سعید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پر عوام کا اعتماد ہے،کرپشن کی وجہ سے نوجوان بے روز گار اور عوام غربت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان جب احتساب کی بات کرتے ہیں تو اپوزیشن شور کیوں مچاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں ہائی وے اتھارٹی خود کفیل ہوتی ہے وہ اپنے بجٹ سے شاہراہوں کی تعمیر کرتی ہے۔