اسلام آباد ( آن لائن )چیئرمین نیب جسٹس ( ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والے بڑے ناموں پر کبھی مکمل ہاتھ نہیں ڈالا جس کی وجہ سے وطن عزیز میں کرپشن میں بتدریج اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نیب ایک غیر جانبدار ادارہ ہے، احتساب کے عمل کو بلا خوف و تفریق جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے خلاف کارروائی سے نچلے درجے پر بھی اثر پڑے گا۔بڑے ناموں کے خلاف کارروائی نہ کرنے سے کرپشن میں اضافہ ہوا۔ چیئرمین نیب نے مزید کہا کہ نیب کے ادارے کی وجہ سے بزنس کمیونٹی میں خوف کا تاثر غلط ہے۔ نیب کا بنیادی کام سرکاری عہدیداروں اور پبلک فنڈ میں کرپشن کے خلاف کارروائی ہے۔ معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کو کوئی شکایت نہیں ہو گی۔احتساب بیورو ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کے خلاف نہیں ہے، تاجر طبقہ خوف کے بغیر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں کرپشن کرنے والے بڑے ناموں نے نیب کے خلاف بیان بازی سے کام لینا شروع کر دیا ہے۔ حال ہی میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اب یا تو نیب چلے گا یا پھر معیشت چلے گی۔ اپنے حالیہ بیانات میں بھی آصف علی زرداری نیب کی حالیہ کارروائیوں کے خلاف مسلسل نکتہ چینی کررہے ہیں۔30مئی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کہا تھا کہ قومی احتساب بیورواور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نیب اس طرح کام نہیں کرتا ، جس طرح نیب کیسز بنا رہا ہے اس طرح یا تو نیب چلے گا یا پھر معیشت چلے گی۔خیال رہے کہ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن نے بھی کئی کارروائیوں پر نیب کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے