اسلام آباد (این این آئی)کسٹمز انٹیلی جنس نے سفارتخانوں کی جانب سے ممنوعہ اشیاء کی درآمد کے خلاف بڑی کارروائی کی ،سفارتخانوں کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء درآمد کرنے کے نام ممنوعہ اشیاء منگوانے کا انکشاف ہوا ۔ منگل کو دستاویز کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس نے مصدقہ اطلاعات پر چارممالک کے کنٹینرز ایگزامینیشن کیلئے روک لئے۔ دستاویز کے مطابق انڈو نیشین سفارتخانے کے کنٹینر سے بھاری مقدار میں غیرملکی شراب
برآمد ہوئی ۔بعض ممالک ڈپلومیٹک کارگو کو شراب سمیت ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ دستاویز کے مطابق گڈز ڈیکلریشن میں سفارتی عملے کیلئے اشیا ئے خوردونوش درج کی گئیں،وزارت خارجہ کے توسط سے انڈونیشن سفارتی عملے کی موجودگی میں مشترکہ ایگزامینیشن کی گئی،ایگزامینیشن کے دوران ڈپلومیٹک کارگو میں 1080بوتلیں قیمتی غیر ملکی شراب پائی گئیں،کسٹمز انٹیلی جنس نے سامان کو قبضے میں لے کرکارروائی شروع کر دی۔