اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملک محمد احمد خان کے بیان سے اظہار لاتعلقی کااعلان کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک محمد احمد خان کا چیئرمین نیب کے استعفیٰ کا مطالبہ اور مقدمہ درج کرنے کا اعلان
اِن کی ذاتی رائے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک محمد احمد خان کی رائے پارٹی موقف نہیں ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی چیئرمین نیب سے متعلق واضح پارٹی موقف بیان کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین نیب کے واقعہ سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو سارے معاملے کی تحقیق کرے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی کا باضابطہ موقف پارٹی صدر اورقائد حزب اختلاف شہباز شریف بیان کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی صدر کے بعد مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب پارٹی پالیسی کے بیان کے مجاز قرار دئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میڈیا سے گزارش ہے کہ پارٹی موقف کے حوالے سے اس وضاحت کو ملحوظ رکھاجائے اس موقف کے علاوہ کسی رائے کی صورت میں پارٹی کی سطح پر تصدیق کی جاسکتی ہے۔