کراچی(آن لائن) انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں تین پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 151 روپے 95 پیسے پر بند ہوا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہوکر 153 روپے کا ہوگیا۔انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر 8 پیسے مہنگا ہوکر 152 روپے کا ہوگیا تاہم کچھ دیر بعد اس کی قدر میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی اور
ڈالر 2 پیسے کی کمی سے 151 روپے 90 پیسے کا ہوگیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوئی، انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں 3 پیسے اضافہ ہوا اور ڈالر 151 روپے 95 پیسے پر بند ہوا۔انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہوکر 153 روپے کا ہوگیا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریداری قیمت 152 روپے ہوگئی۔ سعودی عرب نے پاکستان کو تین سال کے لیے 9 ارب ڈالرز سے زائد کا تیل ادھار دینے کا اعلان کیا ہے، اس سے پاکستان کی معاشی مشکلات پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ادھار تیل دیے جانے پر بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ کم ہو گا، اس طرح ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا ہے اور آنے والے دنوں میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ سعودی عرب پاکستان کو جولائی سے ادھار تیل دینا شروع کر دے گا۔ یہ پٹرول پاکستان کو تین سال تک ملتا رہے گا، پاکستان ماہانہ اڑھائی سو ملین ڈالر کا پٹرول امپورٹ کرتاہے، یہ رقم سالانہ تین ارب ڈالر بنتی ہے، یہ رقم ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔