اسلام آباد (این این آئی) محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر کے مختلف حصوں میں ہفتہ سے آئندہ 5 روز کے دوران گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ذرائع موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کو کراچی میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔پنجاب کے شہر بہاولپور شہر اور گردونواح میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے تاہم بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
موسم کی اس بدلتی صورتحال پر کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب کوئٹہ، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہاجبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ۔دریں اثناء ایک با ر پھر آزادکشمیر سمیت مظفرآباد میں موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ٗ شہر سمیت دیگر علاقوں کی سیوریج لائن بند ، گٹروں کا پانی سڑکوں پر تیرنے لگا،بلدیہ نے شہر میں صفائی کے نظام کو ٹھپ کرکے الیکشن مہم شروع کررکھی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایک مرتبہ پھر ملک بھر کی طرح آزادکشمیر سمیت مظفرآباد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث پہاڑوں پر اپریل کے مہینے میں برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع جبکہ شہری علاقوں میں بارش کے باعث سڑکوں پر پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ،میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی نااہلی کے باعث سیوریج لائنیں بند جبکہ گٹروں کا پانی بھی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے لگا جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدیدمشکلات کا سامناجبکہ بلدیہ اہلکاروں نے اپنے انتخابات کی تیاری میں تمام تر وسائل ووٹوں کی خرید و فروخت پر خرچ کرڈالے جس کے باعث علاقے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے وزیر بلدیات فوری طور پر نوٹس لیں ۔