کراچی(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قرض کے لیے آئی ایم ایف کی بڑی سخت شرائط ہوں گی لیکن آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہماری مجبوری ہے، جب تک معیشت بہتر نہیں ہو گی ملک بہتر نہیں ہو گا،اگر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات میں ناکام ہو گیا تو پاکستان میں مشکل وقت آ جائے گا،ہر شخص جانتا ہے آصف علی زرداری اور نواز شریف چور ہیں۔ جو چور کو ہٹانے کی بات کرو تو بڑے ڈاکو نظر آتے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کیسے کیسے ان معاملات کو فوری ٹھیک کر سکتے ہیں۔ سیاستدان سمجھتا ہے کفن میں بھی جیب ہے، کراچی سرکلرریلوے آج نہیں بنی توکبھی نہیں بنے گی،سندھ حکومت ڈیزائن منظور کرے، ٹریک پرتجاوزات ختم کردیں گے۔ہفتہ کو کراچی چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ معاشرے میں پیسے کی فراوانی سے کرپشن بڑھی ہے، معاشرہ من حیث القوم کرپٹ ہوچکاہے، کرپشن پر جس کو پکڑتے ہیں وہ بیمار ہوجاتا ہے، عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں جانے دو، زیر حراست کسی جان چلی گئی تو ہمارے گلے پڑے جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سیاستدان مرجائے گا کچھ نہیں دیگا،خزانہ غریب نے نہیں لوٹا۔ پیسے نہیں دے گا تو سیاست دان نہیں دے گا کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ کفن میں بھی جیب ہے۔ سیاست دان اور ان کی پشتیں سب لوٹ مار کرنے کے بعد بیمار ہو گئے ہیں جب کہ ان کے بچے اور اولاد بیرون ملک میں ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے ہاتھ نہیں لگانا ورنہ مرجاؤں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ مولوی اور کاروباری کبھی خوش نہیں ہوسکتا، بزنس مین ملک چلاتا ہے لیکن خرابیاں بھی انہی سے ہوتی ہیں۔وفاقی وزیرنے کہاکہ وزارت میں وزیراورسیکرٹری کے بغیرکرپشن نہیں ہوسکتی۔۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ چندماہ میں 24ٹرینیں چلاچکے ہیں، گرین لائنز اور رحمان باباایکسپریس میں بچوں کاکرایہ نصف کردیاہے، جناح ایکسپریس چلارہے ہیں، سرسید ایکسپریس جلد شروع کریں گے۔
وزیر ریلوے نے کہا ملک میں مال گاڑیوں کی تعدادمیں اضافہ کررہے ہیں، رحمان باباایکسپریس میں بچوں کاکرایہ 30فیصد کردیاہے، ریلوے کی آمدن میں ہرماہ بتدریج اضافہ ہورہاہے، سی پیک میں ریلوے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے کے لیے چائنہ کو 5 ارب روپے دے دیئے ہیں ،جس کا معاہدہ دو سے تین روز میں ہو جائے گا۔کراچی سرکلرریلوے آج نہیں بنی تو پھر کبھی نہیں بنے گی ، سندھ حکومت جو دن ڈیزائن منظورکرے تجاوزات ختم کردیں گے، پاکستان ریلوے ساری انکروچمنٹ ختم کر کے ان کو دے گی۔ گوادرجیسی دنیا میں کوئی پورٹ نہیں ہے، گوادرمیں190جہاز روزانہ کھڑے ہوسکتے ہیں، ہمارے پاس آئی ایم ایف کے سواکوئی چارہ نہیں ہے، سی پیک کیلئے1707کلومیٹرکا ڈبل ٹریک بنارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں 7 کلومیٹر کا ایک حصہ بنانے کے لیے ایک بندہ اسٹے آرڈر لیکر بیٹھا ہے۔
انہوں نے کاروباری حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ فریٹ ٹرین کو بزنس دینے کا وعدہ کریں تو ابھی آپ کو ٹرینیں دیتے ہیں۔شیخ رشید نے کہاکہ ریلوے میں گزشتہ سال سے 4ارب روپے زیادہ آمدن ہوئی ہے، پاکستان کا سب سے زیادہ سینئرسیاسی کارکن ہوں ، ہم کنٹینرٹرین آج شروع کرتے ہیں کراچی چیمبر ذمہ داری لے۔ انہوں نے کہاکہ آپ کونہیں پتہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی حکومت چور تھی ، سب جانتے ہیں عمران خان اپنی ہرممکن کوشش کررہے ہیں۔ دو جماعتوں نے اس قوم کوبیوقوف سمجھاہواہے،وقار سے وہی زندہ رہ سکتا ہے جو چندے کیلئے ہاتھ نہ پھیلائے۔اس ملک کی بجلی کیوں بڑھی ہے کیونکہ ہم نے بجلی مہنگی لی ہے۔گیس کی قیمتوں میں اضافہ چوروں کی وجہ سے ہوا۔انہوں نے کہاکہ مجھے کابینہ میں پسند نہیں کیاجاتا۔انہوں نے کہاکہ میرے علاقے میں جوبدمعاش ہے وہ تھانے کا خرچہ اٹھاتا ہے، سیاسی استحکام کے بغیرملک میں معاشی استحکام نہیں آسکتا، معاشرہ کرپٹ ہوچکا ہے ملک وحشیانہ طریقے سے لوٹاگیا۔اس موقع پر کراچی چیمبرکے صدر جنیدماکڈانے وفاقی وزیر کو کراچی چیمبرکی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی ۔