کراچی (این این آئی) نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر والدین نے سرکاری اسکولوں کارخ کرلیا، والدین کا کہنا ہے فیسوں میں اضافہ اورروزانہ ایکٹیوٹی کینام پر پیسے لیے جاتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے پر والدین نے ضلع جنوبی کے درجنوں نجی اسکولوں میں بچوں کے داخلے منسوخ کرا دیے اور سرکاری اسکولوں کارخ کرلیا۔والدین کا کہنا ہے فیسوں میں اضافہ اورروزانہ ایکٹیوٹی کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں۔سرکاری اسکول کی پرنسپل نے کہا 2300بچوں نے گورنمنٹ چرچ مشن اسکول میں
داخلہ حاصل کیا، رواں سال اب تک مزید ایک ہزار سے زائد داخلہ فارم لے چکے ہیں اور والدین کی بڑی تعدادداخلے کیلئے رجوع کررہی ہے۔یاد رہے کہ ستمبر 2018 میں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیارنہیں ہے جبکہ عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔پرائیوٹ اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کو غیرقانونی قرار دیے جانے کے باوجود اسکولوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔