اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب)نے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کے علیم خان کے مقدمہ سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے نیب سے متعلق ماضی میں دیئے گئے اور حالیہ بیانات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق نیب اس بات کابھی جائزہ لے گا کہ ان کے نیب اور نیب میں جاری تحقیقات ، مقدمات سے متعلق بیانات کہیں نیب کے معاملات میں مداخلت اور زیر انکوائری ، انوسٹی گیشنز پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں ۔ بیان کے مطابق نیب کو وفاقی وزیراطلاعات کے نیب سے متعلق تمام بیانات کا جائزہ لینے کے بعداگر یہ محسوس ہوا کہ ان کے بیانات نیب آر ڈیننس اور مروجہ قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں ، اگر خلاف ورزی ہو ئی تو نیب ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کر سکتا ہے ۔ قومی احتساب بیورو ملک سے بد عنوانی کے خاتمے اور بد عنوان عناصرسے لوٹی گئی رقوم کی واپسی کیلئے کام کر نے والاملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت ، گروہ اور فرد سے نہیں اور نیب نے اپنے عمل سے اس بات کو ثابت کیا ہے ۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے ۔ بیان کے مطابق نیب ہمیشہ قانون اور آئین کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے ۔