کراچی(این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن(پی آئی اے)کے چیف سسٹم آفیسر کاشف رانا اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کاشف رانا نئی انتظامیہ کے دور میں استعفیٰ دینے والے چھٹے افسر ہیں۔
ان سے قبل بھی مستقل ملازمت کے حامل دو افسران سمیت 5 افسر مستعفی ہو چکے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مستعفی ہونے والوں میں جی ایم ریونیو فیصل رضا، قائم مقام سی ایف او اسد عباس، ڈائریکٹرسیکیورٹی بریگیڈیئر آصف، جی ایم سیکورٹی کرنل طاہر بھی دیگر مستعفی افسران میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف کمرشل افسر بلال شیخ اور چیف ایچ آرعاصمہ بجاوا بھی کنٹریکٹ کے ختم ہونے سے قبل مستعفی ہوئے، تمام افسران انتظامیہ کی اپنے شعبوں میں مداخلت پر مبنی مبینہ اختلافات کے باعث مستعفی ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ مستعفی ہونے والے افسرفارن کوالیفائیڈ اوراپنے شعبے کے ماہر تصور کیے جاتے ہیں، کاشف رانا ایک سال قبل دوسالہ کنٹریکٹ پر تعینات ہوئے تھے۔ذرائع کے مطابق کاشف رانا اس سے قبل کارپوریٹ سسٹم اینڈ ای آر پی کے نائب صدر بھی رہے ہیں جبکہ آئی ٹی سیکٹر میں بھی وسیع تجربے کی حامل ہیں۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق کاشف رانا ذاتی وجوہ کی بنا پر مستعفی ہوئے ہیں۔