اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی شہری فرمان خان کے نام پر ہسپتال بنانے کی ہدایت کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد کی ہدایت پر یہ ہسپتال خیبرپختونخوا میں بنایا جائے گا جو کہ پاکستانی شہری فرمان خان کے نام پر بنایا جائے گا۔
فرمان خان نے 2009ء میں جدہ میں آنے والے سیلاب میں 14 افرد کی جان بچائی اور اپنی جان دے دی۔اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی جیلوں میں قید 2107 پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا ۔ پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی جیلوں میں قید 2107 پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا ۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات عشائیے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب میں قید قیدیوں کے بارے میں درخواست کی تھی۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم بے حد شکر گزار ہیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جنہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی درخواست پر فی الفور سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔یہ ہمارے لئے بہت بڑی خبر ہے بہت سے پاکستانی خاندان جو عرصہ دراز سے درخواست کر رہے تھے آج ان کی سنی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ میں اپنی طرف سے پاکستان کی قوم کی طرف سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں،اس خبر سگالی اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔