لاہور ( این این آئی) سپریم کورٹ نے مرالہ لنک کینال کا راستہ بدلنے کے لیے درخواست پر انڈس واٹر کمیشن سے 10روز میں رپورٹ طلب کر لی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شہری کی درخواست پر سماعت کی گئی ۔ درخواست گزار یاسین مہناس نے موقف اختیار کیا کہ مرالہ لنک کینال کا پانی راوی میں جاتا ہے
جسکا راستہ 1988ء کے سیلاب کی وجہ بدل چکا ہے، مرالہ لنک کینال کا 22 ہزار کیوسک پانی کا آدھا بھارت میں چوری ہو جاتا ہے جبکہ بھارت کو معاہدے کے تحت یہ پانی پاکستان کو پورا واپس کرنا ہوتا ہے۔ ہم کینال کا راستہ بدل کر پانی کی چوری روک سکتے ہیں۔جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے دس روز میں انڈس واٹر کمیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔