لاہور(نیوز ڈیسک) محکمہ داخلہ کے احکامات کے بعد جیل حکام نے (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بیرک نمبر 1میں منتقل کر دیا‘پیپلزپارٹی کے شر یک چیئر مین آصف علی زداری اور وزیر اعظم عمران خان بھی پرویزمشرف کی ایمر جنسی کے دور میں ایک روز کیلئے اسی بیرک میں رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ نواز شریف کے لیے بی کلاس کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں ایک ہی کمپائونڈ میں نواز شریف
اور شہباز شریف الگ الگ کمروں میں ہوں گے۔نواز شریف کے کمرے میں ٹیلی ویژن، بستر، کمبل، ہیٹر، کرسی اور میز رکھوا دی گئی ہے اور انہیں ایک مشقتی ، گھر سے برتن لانے اور کھانا منگوانے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان جیل خانہ جات قوانین 1978 کے رول 242 کے تحت سہولیات دی گئی ہیں ۔محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کو مذکورہ علاقے کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔