لاہور (نیوز ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور نے احتساب عدالت کو یقین دہانی کروائی ہے کہ آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دو تین روز تک دائر کر دیں گے ۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ملزمان فواد حسن فواد ،احد چیمہ شاہد شفیق ،اسرار سعید ،عارف بٹ ،امتیاز حیدر اور بلال قدوائی کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ دو ملزمان اسرار سعید اور عارف بٹ ضمانت پر رہا ہیں۔شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوئے ۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق آشیانہ اقبال پروجیکٹ میں ملزمان کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو 660ملین کا نقصان پہنچا،61ہزار لوگوں نے درخواستیں دیں لیکن ایک بھی گھر مکمل نہیں ہوا۔ملزمان کے وکلاء کی طرف ریفرنس پیش نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی ۔نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ ریفرنس دو تین روز تک دائر کر دیں گے ۔ جس پر احتساب عدالت نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 روز کی توسیع کر دی ۔ احتساب عدالت نے ملزمان کو 3 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔