اسلام آباد(آ ئی این پی)بدھ کو وزیراعظم عمران خان بڑھتی آبادی سے متعلق سمپوزیم میں شرکت کے لیے مقررہ وقت سے تقریبا 40 منٹ پہلے پہنچے اور تقریب میں شرکت سے پہلے وہ چیف جسٹس پاکستان کے چیمبر گئے جہاں ان کی جسٹس میاں ثاقب نثار سے ون آن ون ملاقات ہوئی،وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے درمیان تقریبا آدھے گھنٹے تک ملاقات جاری رہی جس کے بعد دونوں شخصیات تقریب میں شرکت کے لیے ایک ساتھ ہال میں پہنچیں۔واضح رہے کہ اس ملاقات کے بعد چیف آف آرمی سٹاف جنرل
قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی،جس میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی،وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، خطے کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔