کراچی (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پاناما لیکس میں نام آنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ نے کرپشن بھی کی ہے ۔نیب کی جانب سے اگر میرے اور علیم خان کے خلاف ریفرنس فائل ہوا تو ہم دونوں استعفیٰ دے دیں گے ۔سمندر پاکستانیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔وزارت سمندر پار پاکستانیز پہلی وزارت ہوگی جو پیپر لیس گورننس متعارف کرائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پروٹیکٹوریٹ آف امیگریشن میں بائیو میٹرک سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔زلفی بخاری نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم کی خواہش پر بیرون ملک خدمات سرانجام دینے والوں کی سہولت کے لئے منصوبہ بنایا ۔بیرون ملک پڑھنے والے طلبہ کاڈیٹا بھی ہمارے پاس ہوگا۔وزیراعظم کا نظریہ مڈل اورلوئرکلاس کو باختیارکرنا ہے۔ بہت جلد قطر کے قونصل خانے میں ویزہ سہولت کا اجرا کریں گے۔وزارت سمندر پار پاکستانیز پہلی وزارت ہوگی جو پیپر لیس گورننس متعارف کرائے گی۔بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کا نوٹس لیں گے ۔اوورسیز پاکستانیوں کے شکایت سیل کو وزیرعظم کے شکایا ت سیل سے منسلک کرینگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جو سرمایہ کار آنا چاہتے ہیں ہم انہیں رشوت مانگ مانگ کر مایوس کر دیتے ہیں۔زلفی بخاری نے کہا کہ ہم بیرن ملک سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ابھی سرمایہ کار کو ستر این او سی درکار ہوتی ہیں ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔پاناما لیکس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں زلفی بخاری نے کہا کہ پاناما لیکس میں نام آنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ نے کرپشن بھی کی ہے ۔انکوائری کو پبلک نہیں ہونا چاہیے ۔اگر نیب کی جانب سے ریفرنس فائل ہوا تو میں اور علیم خان دونوں استعفیٰ دے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔