اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس کے دوران دلچسپ صورتحال، پیپلزپارٹی کے مولابخش چانڈیو نے پی آئی اے میں نوجوان ائیرہوسٹسز کی عدم موجودگی کا رونا رو دیا، میں یہ نہیں کہتا کہ بوڑھی ائیرہوسٹسز کو نکال دیں انہیں ٹریننگ دینے کیلئے رکھ لیں مگر کچھ تو کشش پیدا کریں ، مجھے تو فلائٹ میں شرم آرہی تھی ائیرہوسٹس سے کچھ
منگواتے ہوئے وہ تو عمر میں میرے سے بھی بڑی تھی، مولا بخش چانڈیو کا سی ای او پی آئی اے ارشد ملک سے مکالمہ، ہم اب مامتا ائیر لائن‘چلانے کا سوچ رہے ہیں، سی ای او ارشد ملک نے ایسا جواب دیدیا کہ سب دنگ رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس آج پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر پیسنجر برج گرنے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا تھا کہ پیسنجر برج کا ڈیزائن غیر معیاری تھا اور ایمرٹس ائیر لائن نےاپنے طیارے کے مسافروں کیلئے پیسنجر برجز کے استعمال سے انکار کر دیا ہے۔ اس موقع پر سینٹ کی کمیٹی کے ممبر مولا بخش چانڈیو اور سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی دیکھنے میں آیا ۔ پیپلزپارٹی کے مولا بخش چانڈیو نے پی آئی اے کی ائیرہوسٹسز کی عمروں کے حوالے سے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں جس فلائٹ سے آرہا تھا وہاں اتنی بوڑھی ائیرہوسٹس تھی جس کی عمر مجھ سے بھی زیادہ لگ رہی تھی مجھے اس سے کوئی چیز مانگتے ہوئے بھی شرم آرہی تھی۔ مولابخش چانڈیو کا سی ای او ارشد ملک سے کہنا تھا کہ کچھ تو پی آئی اے میں کشش پیدا کی جائے ، میں بوڑھی ائیرہوسٹسز کو فارغ کرنے سے متعلق نہیں کہہ رہا تاہم ان کو نئی ائیرہوسٹسز کی تربیت کیلئے بھی رکھا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر سی ای او ارشد ملک نے نہایت دلچسپ
جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اب مامتا ائیر لائن‘چلانے کا سوچ رہے ہیں۔ کمیٹی کے ممبر نعمان وزیر کا کہنا تھا کہ فلائٹ کینسل ہو تو نجی ائیر لائن مہنگا ٹکٹ دیتی ہے اور مجھے یہ سب نجی ائیرلائن اور پی آئی اے کی ملی بھگت لگتا ہے جس پر سی ای او ارشد ملک کا کہنا تھا کہ مجھے پی ٹی آئی کے نعیم الحق نے بھی یہی شکایت کرتے ہوئے اس نظام کو تبدیل کرنے کا کہا تھا جس پر میں نے انہیں کہا کہ دنیا بھر میں یہی پریکٹس ہے کہ جب کوئی فلائٹ کینسل ہو جائے تو دوسری کمپنیاں مہنگا ٹکٹ فروخت کرتی ہیں ، یہ نظام نہیں بدلا جا سکتا تاہم معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔