اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان وسابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان خود جرمانہ دے کر اپنے گھر کو ریگولرائز کراتے ہیں اور غریبوں کے گھر گراتے ہیں، بتایا جائے کن شرائط پر علیمہ خان کو این آر او دیا گیا، وزیراعظم کو اب جواب دینا پڑے گا،موجودہ حکومت جھوٹ بولنے،پگڑیاں اچھالنے اور گالیاں دینے میں مہارت رکھتی ہے۔منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی
ترجمان وسابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے سی ڈی اے کو بنی گالا کا گھر ریگولرائز کرنے کیلئے درخواست دی ہے ، وہ بتائیں بنی گالہ کا گھر کہاں سے آیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود جرمانہ دے کر اپنے گھر کو ریگولرائز کروا رہے ہیں جبکہ غریبوں کے گھر گراتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب جواب دینا پڑے گا، بتایا جائے کن شرائط پر علیمہ خان کو این آر او دیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بتایا جائے کن ذرائع سے دبئی کی بے نامی پراپرٹی لی گئی؟بتایا جائے کہ پیسہ پاکستان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے دبئی کیسے گیا، باجی نے پیسہ کیوں ڈکلیئر نہیں کیا ؟۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ نیب علیمہ کے معاملے پر ریفرنس کب بنائے گا؟ترجمان (ن )لیگ نے استفسار کیا کہ بتایا جائے پراپرٹی کی مالیت کیا ہے اور جرمانہ ادا کرنے کی شرائط کیا ہیں؟، بتایا جائے کہ پراپرٹی زکوٰۃ کے پیسے سیبنائی یا نمل یونیورسٹی میں خورد برد سے بنائی؟۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن کو چور چور کہہ رہے ہیں وہ پاکستان کی ہرعدالت میں حساب دے رہے ہیں، انہوں نے دوسروں کو چور چور کہا اور تضحیک کی جبکہ اپنے گھر بیٹھے چور کو این آر او دے دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جھوٹ بولنے، پگڑیاں اچھالنے اور گالیاں دینے میں مہارت رکھی ہے۔